واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی خاتونِ اول اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ پر بننے والی دستاویزی فلم کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے، جس میں انہیں مرکزی کردار کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کی زندگی اب بڑے پردے پر پیش کی جائے گی، فلم کا پہلا ٹریلر بدھ کے روز جاری کر دیا گیا ہے، جسے میلانیا نے خود اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری کیا۔
ٹریلر میں دکھائے مناظر میں میلانیا کو وائٹ ہاؤس میں گھومتے پھرتے دیکھا جاسکتا ہے، امریکی صدر کے طیارے ایئر فورس ون میں سوار ہوتی ہیں۔ انہیں عالمی رہنماؤں سے ملاقات کرتے اور مختلف ملبوسات میں جلوہ گر ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
میلانیا ٹرمپ، جنہیں اکثر خاموش خاتونِ اول قرار دیا جاتا ہے، اس فلم میں خود اپنی زندگی کے فیصلے اور وائٹ ہاؤس کے تجربات بیان کرتی نظر آئیں گی۔
فلموں کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے والے مشہور پلیٹ فارم آئی ایم ڈی بی کے مطابق یہ فلم محض روایتی دستاویزی فلم نہیں بلکہ یہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسری بار صدر بننے کی تقریبِ حلف برداری سے قبل گزرنے والے 20 دنوں کا احاطہ کرتی ہے۔
— MELANIA TRUMP (@MELANIATRUMP) December 17, 2025
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں میلانیا ٹرمپ کی زندگی کے وہ پہلو دکھائے گئے ہیں جو عام طور پر کیمروں کی نظر سے اوجھل رہتے ہیں۔ جس میں ٹرمپ فیملی کی نجی تقاریب اور انتخابی مہم کے بعد کے جذباتی مناظر شامل ہیں۔
یہ فلم میلانیا ٹرمپ کی اپنی نئی پروڈکشن کمپنی ‘میوز فلمز’ کے بینر تلے تیار کی گئی ہے جبکہ اس کے ہدایت کار ہالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر بریٹ ریٹنر ہیں، جو ‘رش آور’ جیسی کامیاب فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ جن کی طویل عرصے بعد فلمی دنیا میں واپسی ہوئی ہے۔
اس فلم کے حقوق ایمازون ایم جی ایم نے 40 ملین ڈالر میں حاصل کیے ہیں، جسے کسی بھی دستاویزی فلم کے لیے اب تک کی مہنگی ترین ڈیلز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
فلم 30 جنوری 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، جس کے بعد اسے ایمازون پرائم ویڈیو پر اسٹریمنگ کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس فلم سے قبل میلانیا ٹرمپ کی خود نوشت کتاب ‘Melania’ بھی شائع ہو چکی ہے، جو نیویارک ٹائمز کی بیسٹ سیلر فہرست میں شامل رہی۔ اس فلم کو اسی کتاب کے تسلسل اور اس کی بصری پیشکش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔



