واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دردکش دوا فینٹانل کو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والا ہتھیار قرار دینے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایگزیکٹوآرڈر میں غیر قانونی فینٹانل کو نشہ آور دوا کے بجائے کیمیائی ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کی محض دو ملی گرام یعنی تقریباً ناقابل شناخت مقدار جو نمک کے 10 سے 15 دانوں کے برابر ہوتی ہے انسان کے لئے مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایگزیکٹوآرڈر میں کہا گیا کہ کئی سو ہزار امریکی شہری فینٹانل کے زیادہ استعمال کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں، اس ایگزیکٹوآرڈر کے تحت محکمہ انصاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فینٹانل کی سمگلنگ کے مقدمات کی فوری تحقیقات اور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔
ایگزیکٹوآرڈر وزارت جنگ اور محکمہ انصاف کو اس بات کا تعین کرنے کا اختیار بھی دیتا ہے کہ قانون نافذ کرنے میں مدد کے لئے فوجی وسائل فراہم کئے جائیں یا نہیں۔



