لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار فیروز خان نے ہانیہ عامر سے تعلقات کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسی افواہیں سن کر جہاں تکلیف ہوئی، وہیں ان افراد پر غصہ بھی آیا، جو ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یکم دسمبر 2020ء کو بعض سوشل میڈیا پیجز اور یوٹیوب چینلز پر خبریں وائرل ہوئیں کہ اداکار فیروز خان اور ان کی اہلیہ علیزے سلطان کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی بعض خبروں میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ دونوں میں علیحدگی نہیں بلکہ طلاق ہوچکی ہے۔
ایسی خبروں کا کوئی مستند ذریعہ بتائے بغیر دونوں کی زندگی کے حوالے سے بڑے بڑے دعوے کیے گئے اور بعض سوشل میڈیا پیجز پر دعوے کیے گئے کہ فیروز خان کے ہانیہ عامر سے تعلقات ہیں، اس وجہ سے ان کی اہلیہ سے علیحدگی ہوئی۔
تاہم اب فیروز خان نے ان افواہوں پر کھل کر بات کی ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے خاندانی معاملات پر میڈیا کے سامنے واضح طور پر بات کرنے سے گریز کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ صنم جنگ نے طلاق کی خبروں کو جھوٹا قرار دیدیا
سم تھنگ ہاٹ کو دیے گئے انٹرویو میں فیروز خان نے ہانیہ عامر سے تعلقات کی خبروں پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہیں ایسی افواہیں سن کر جہاں تکلیف ہوئی، وہیں ان افراد پر غصہ بھی آیا، جو ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔
فیروز خان نے واضح کیا کہ وہ اور ہانیہ عامر صرف بہترین دوست ہیں اور دونوں کے درمیان آج بھی دوستی اور ایک دوسرے کی عزت و احترام کا رشتہ قائم ہے۔
انہوں نے ہانیہ عامر کے ساتھ رومانوی تعلقات کی خبروں کو مسترد کیا اور کہا کہ ان کے درمیان ایسا کچھ بھی نہیں ہے اور ان سے متعلق جو بھی دعوے کیے جا رہے ہیں، وہ جھوٹ پر مبنی ہیں۔
انہوں نے افواہیں پھیلانے اور جھوٹے دعوے کرنے والے ایک یوٹیوبر سید علی حیدر کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ وہ چند روپوں کی خاطر ان پر غلط الزام لگا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رنبیر کپور، عالیہ بھٹ کی شادی اور منگنی کی خبریں جعلی قرار
انہوں نے کہا کہ ان سے اور ہانیہ عامر سے متعلق غلط خبریں آنے کے بعد ہانیہ عامر نے ان سے پوچھا تھا کہ یہ کیا ہو رہا ہے؟ جس پر انہوں نے اداکارہ کو بتایا کہ انہیں خود معلوم نہیں کہ کیا ہو رہا ہے۔
فیروز خان کا کہنا تھا کہ اگر وہ چاہیں تو جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت کر سکتے ہیں اور ایسے افراد کو جھوٹ پھیلانے کے جرم میں جیل جانا پڑ سکتا ہے تاہم وہ ایسا نہیں کر رہے۔ افواہیں پھیلانے والے دوسروں کی عزت اور زندگی سے چند ہزار روپے کے عوض کھیل رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اہلیہ سے علیحدگی یا ان سے تعلقات کشیدہ ہونے کے معاملے پر بات کرنے سے معذرت کی اور کہا کہ وہ اپنی نجی زندگی سے متعلق میڈیا پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب انہیں محسوس ہوگا کہ انہیں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کوئی بات مداحوں کو بتانی چاہیے تو وہ خود ہی اس کا اعلان کریں گے۔
فیروز خان نے کہا کہ وہ اپنے خاندانی اور نجی زندگی کے معاملات پر خاموش رہنا بہتر سمجھتے ہیں، اس لیے وہ دوسروں کو بھی یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان کی یا کسی اور کی ذاتی زندگی سے متعلق افواہیں نہ پھیلائیں۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ فریال محمود ان کے شوہر میں طلاق کی خبریں جعلی قرار
خیال رہے کہ فیروز خان نے مارچ 2018 میں علیزے سلطان سے شادی کی تھی اور دونوں کے ہاں مئی 2019 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
فیروز خان نے شادی کے دو سال بعد رواں برس مارچ میں شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا لیکن حال ہی میں انہوں نے شوبز میں دوبارہ واپسی کا اعلان بھی کیا تھا۔