ڈاؤن سنڈروم سے متاثر نوجوان کے ہسپتال میں گردے نکالنے کی پوسٹ جعلی قرار

Published On 17 March,2021 05:24 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ڈاؤن سنڈروم سے متاثر ایک نوجوان کی تصویر گردش کر رہی ہے، اس تصویر کیساتھ کیپشن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے گردے نکال کر اسے موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا ہے۔

اس تصویر کے ساتھ مزید معلومات شیئر نہیں کی گئیں کہ نوجوان کون ہیں؟ ان کا تعلق کہاں سے ہے؟ اور کیا واقعی ان کے گردے نکال لیے گئے ہیں؟


انڈیپینڈنٹ اردو نے اس وائرل تصویر کی اصل حقیقت کا کھوج لگانے کی ٹھانی اور حقائق سے پردہ اٹھانے کیلئے مختلف ذرائع استعمال کئے تو پتا چلا کہ کہ ڈاؤن سنڈروم کی بیماری میں مبتلا یہ نوجوان اس وقت کراچی کے جناح ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا میں زیر گردش یہ خبریں بالکل جھوٹ ہیں کہ یہ اس نوجوان کے گردے نکال لئے گئے ہیں۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ دراصل یہ نوجوان ایک حادثے میں زخمی ہو گیا تھا جس کی وجہ سے اس کے سر پر چوٹیں آئی ہیں، اس کا جناح ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں علاج کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ یہ نوجوان اس وقت بے ہوشی کی حالت میں ہے، اسے علاج کی تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں لیکن اس کی حالت تشویشناک ہے۔