لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کی خبروں کو جعلی قرار دیدیا گیا۔
ترجمان مشیر خزانہ مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کیساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ جیسے ہی مذاکرات مکمل ہوں گے اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جاری مزاکرات کے دوران ناکامی کی خبر دینا درست نہیں۔ اس کے علاوہ جو خبر چل رہی ہے وہ وزارت خزانہ کا موقف نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق 6 ارب ڈالر قرض بحالی کیلئے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، آئی ایم ایف نے پاکستان کو مزید ایک ارب ڈالر کی قسط دینی ہے تاہم عالمی ادارے کی طرف سے اصلاحات کے لیے مزید ’ڈو مور‘ کا مطالبہ کیا ہے۔