آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں:ترجمان وزارت خزانہ

Published On 17 October,2021 04:44 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے، معاملہ جہاں تھا وہیں ہے، سیکرٹری خزانہ اور ان کی ٹیم واشنگٹن میں موجود،پیر سے بات چیت دوبارہ شروع ہوگی۔

ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگا، مذاکرات ناکام ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں، مذاکرات بلا تعطل پیر سے دوبارہ شروع ہوں گے جبکہ مذاکرات ختم ہونےکی کوئی حتمی تاریخ نہیں۔

مزمل اسلم نے مزید کہا کہ آج ڈالر170کاہےاورپٹرول 138کالٹرہے، پہلےحکومت ٹیکسزبہت زیادہ لےرہی تھی آج کم لےرہی ہے جبکہ گندم کےمعاملےمیں سندھ حکومت نےفیصلےنہیں لئے۔

ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کےپاس 12لاکھ ٹن گندم موجود ہےجبکہ عام آدمی کوآٹےمیں 20روپےکاریلیف مل جائےتوبڑی بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کل غلط افواہیں پھیلائی گئی، اوگرا نے وزیراعظم کو جو قیمت بڑھانے کا کہا وہی قیمت بڑھائی گئی جبکہ ساری قیمتیں عالمی مارکیٹ کے تناظر میں بڑھ رہی ہیں۔

مزمل اسلم کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول 85 فیصد باہر سے منگوایا جاتا ہے، حکومت نے اس پر ٹیکسز کم کیے جبکہ پاکستان میں خطے کی سب سے کم قیمت ہے۔
 

Advertisement