نئی دہلی: (ویب ڈیسک) اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہنے والی سابق بھارتی اداکار ثناء خان اور ان کے شوہر مفتی انس کی علیحدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلائی جانے لگی ہیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ ثنا خان نے دینِ اسلام کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور 23 نومبر 2020ء کو بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔ نکاح کے موقع پر ثناء نے حجاب کے ساتھ سفید لانگ گاون زیب تک کررکھا تھا جبکہ ان کے شوہر مفتی انس نے بھی سفید کرتاشلوار پہن رکھا تھا۔
بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔
ان کی شادی کو ایک سال کے دوران متعدد افواہیں گردش کرنے لگیں کہ دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی ہے تاہم ہر بار سابق اداکارہ ثناء خان نے ان خبروں کو مسترد کر دیا تھا۔
تاہم سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر جعلی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ دونوں کے درمیان تعلقات خراب ہو چکے ہیں اور معاملات علیحدگی تک پہنچ چکے ہیں۔
ان اطلاعات کے بعد سابقہ اداکارہ ثناء خان نے انسٹا گرام پر ان خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے طویل پوسٹ شیئر کی۔
انسٹا گرام پوسٹ پر انہوں نے لکھا کہ اُن کے شوہر اُن کے استاد اور آئیڈیل ہیں اور وہ میری زندگی کے سب سے مہربان انسان ہیں، اللّٰہ تعالیٰ کی مدد سے آپ میری زندگی میں جو تبدیلی لائے ہیں، اس کے لیے میں آپ کا شکریہ ادا نہیں کر سکتی۔ آپ نے مجھے وہ بنایا جو میں آج ہوں اور میں اب بھی خود پر یقین نہیں کرسکتی ہوں، بےشک اللّٰہ تعالیٰ جیسے اور جِسے چاہے ہدایت دے۔
ثناء خان نے کہا کہ جب بہت سے نام نہاد لوگوں نے آپ کو میرے خلاف کرنے کی کوشش کی تو آپ کا دل کی گہرائیوں سے میرا احترام کرنے اور مجھ میں موجود اچھائیوں کی تعریف کرنے کا شکریہ۔
سابقہ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ آپ صرف میرے استاد نہیں بلکہ میرے آئیڈیل بھی ہیں، میں آپ کو بہت پیار اور شُکر گزاری کے ساتھ دیکھتی ہوں اور کاش! اللّہ تعالیٰ مجھے ویسا بنائے جیسا آپ مجھ پر بھروسہ کرتے ہیں۔ اس دنیا میں میری اصل کامیابی اس دن ہوگی جس دن مجھے آپ کا اخلاق ملے گا۔
اُنہوں نے اپنے ناقدین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر ان لوگوں کے لیے بھی عاجز ہیں جو ہمیں توڑنا چاہتے ہیں، ہمیں الگ دیکھنا چاہتے ہیں یا جعلی خبریں پھیلانا چاہتے ہیں۔ کسی بھی صورت حال میں آپ کی طاقت کے طور پر میں ہمیشہ ساتھ رہوں گی، ہمارے ساتھ اللّٰہ تعالیٰ ہے اور انشاء اللّٰہ کوئی شیطانی وار ہم پر نہیں چلے گا۔ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں اس دنیا میں متحد رکھے اور ہمیں جنت میں دوبارہ متحد کرے۔