نئی دہلی :(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے مستقبل میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو الگ الگ گروپ میں رکھنے کی قیاس آرائیوں کی تردید کردی۔
کھیلوں کی معروف ویب سائٹ ’کرک بز‘ کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی کو ایک خط لکھا ہے۔
گردش گردہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئندہ آئی سی سی ٹورنامنٹس میں بھارت اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں نہ رکھا جائے، تاہم، بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے ایسی کسی پیش رفت کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر ان کے لیے بھی نئی ہے۔
بی سی سی آئی نے تصدیق کی کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت ٹیموں کو الگ گروپس میں رکھنے کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی،رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یہ تمام افواہیں بے بنیاد ہیں اور فی الحال صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ فوری طور پر کوئی بھی آئی سی سی ایونٹ شیڈول نہیں ہے تاہم، ستمبر اور اکتوبر میں ویمنز ورلڈکپ بھارت میں شیڈول ہے جس کے لیے پاکستان کی ویمنز ٹیم پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہے۔
جس کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دوٹوک الفاظ میں بتادیا تھا کہ معاہدے کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ویمنز ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔