لاہور: (دنیا میگزین) بال جاذب نظر شخصیت کے ضامن ہوتے ہیں۔ ان کے بارے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ سر کی جلد کے اوپر موجود تمام بال مردہ ہوتے ہیں، یعنی جو بال جلد کے اوپر موجود ہوتے ہیں وہ جلد سے باہر اُگتے ہی مردہ ہو جاتے ہیں۔ قدرتی طور پر بال تیس سے ساٹھ کی تعداد میں گر سکتے ہیں۔
ایک بال کی طبعی عمر چھ سال ہوتی ہے اس کے بعد بال گر جاتا ہے اور اس کی جگہ نیا اُگ آتا ہے۔ اگر بال اپنی نارمل کیفیت سے زیادہ گر رہے ہوں تو وجہ بیماری، صدمہ، پریشانی، خشکی اور سکری یا پھر متوازن غذا کی کمی ہو سکتی ہے۔
وٹامنز کی کمی بھی بالوں کے لیے سخت نقصان دہ ہوتی ہے۔ اس لیے بالوں اور جلد کی خوبصورتی کے لیے وٹامن اور پروٹین دونوں ضروری ہیں۔ اس لیے خوراک میں گوشت، پنیر، انڈے، سبزیاں اور کلیجی کا شامل ہونا ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیرتنو مند بالوں کا وجود نا ممکن ہے۔
اچھی غذا بالوں کو چمکدار بناتی ہے جبکہ متوازن اور توانائی سے عاری غذا ناصرف ہمارے جسم کو کمزور اور لاغر کرتی ہے بلکہ بالوں کے رنگ پر بھی اثر انداز ہوتی ہے اور اس کی وجہ سے بال گرنا شروع ہو جاتے ہیں۔
غذا کا اثر صرف بالوں اور جسم پر ہی نہیں پڑتا بلکہ اس سے بینائی بھی بُری طرح متاثر ہوتی ہے۔ غذا کے علاوہ موسم تبدیل ہونے پر بھی بالوں کی ہیئت بدل جاتی ہے۔ لہٰذا موسم چاہے کوئی بھی ہو بالوں کی حفاظت کے لیے مندرجہ ذیل باتوں پر عمل کرنا چاہیے۔
برش ہمیشہ تھوڑا سخت دانتوں والا خریدیں جو بالوں سے گرد اور خشکی کو نکال کر دورانِ خون کو تیز کر سکے۔
کنگھی کو ہمیشہ صاف رکھیں، بہتر یہ ہے کہ جب آپ غسل خانے جائیں تو اپنا برش اور کنگھی ساتھ لے جائیں اور شیمپو سے پہلے دونوں چیزیں دھو لیں۔ اگر برش اور کنگھی پانی سے صاف نہ ہوں تو پانی میں تھوڑا سا ایمونیلا ملائیں اس طرح اس میں موجود میل نکل جائے گا۔
بالوں کی خوبصورتی اور صحت مندی کے لیے رات کو بستر پر لیٹنے سے قبل چند منٹ اپنے بستر پر اُلٹے لیٹیں اور اپنے سر کو نیچے لٹکا دیں۔اس طرح آپ کے سر کا دورانِ خون تیز ہوگا اور رات بھر کے لیے جو خوراک بالوں کو چاہیے ہو گی وہ آپ کے خون سے جذب کر لیں گے۔
مضبوط اور صحت مند بالوں کے لیے مختلف معدنیات مثلاً آیو ڈین، کلورین، فاسفورس اور زنک بہت ضروری معدنیات ہیں،مگر ان میں سے زنک کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے۔
بالوں کو اس وقت تک صاف مت کریں جب تک کہ آپ کے سر کی جلد پر موجود مردہ سیلز صاف نہ ہوں۔چنانچہ جب آپ کو شیمپو کرنا مقصود ہو تو شیمپو سے پہلے اپنے بالوں کو خوب اچھی طرح سے برش کر لیں۔اس طرح آپ کے سر کی جلد پر جمے ہوئے مردہ سیلز اُکھڑ جائیں گے۔
عام طورپر بالوں کی نوکیں پھٹ جاتی ہیں اور اس طرح بال ایک سے زیادہ حصوں میں تقسیم ہو جاتے ہیں۔جن بالوں کی نوکیں پھٹی ہوں ان کو آدھا انچ تراش لیں،اس طرح بال نرم ہو جائیں گے اور کھردرے نہیں لگیں گے۔