صحت مند رہنے کیلئے پھل کھائیں: طبی ماہرین

Last Updated On 06 January,2020 07:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں صحت مند رہنے کے لیے شہری نت نئے طریقے اور چیزیں کھاتے رہتے ہیں، کچھ لوگ ورزش جبکہ کچھ لوگ ادویات کا سہارا لیتے ہیں، تاہم قدرتی طور پر ایک ایسا طریقہ سامنے آیا ہے جس سے صحت پر بہت اچھے اثرات مرتبے ہوئے ہیں، طبی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ صحت مند رہنے کے لیے ہمیں پھل کھانے چاہئیں۔

طبی سائنس اور غذائی ماہرین کے مطابق پھل کھانے سے نہ صرف ہم توانا اور مضبوط رہتے ہیں بلکہ یہ کئی جسمانی تکالیف میں بھی فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر خطے اور علاقے کا رہنے والا وہاں کے موسمی پھلوں کو استعمال کرے تو کئی طبی مسائل سے محفوظ رہ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پھلوں کے استعمال سے وہ ریشے جسم میں پہنچتے ہیں جو نظامِ ہضم کو فعال بنانے کے علاوہ خون اور جسم کی دیگر ضروریات کو پورا کرتے ہیں اور ہمیں توانا رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

غذائی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر کوئی اپنے ناشتے میں کیلے، آڑو یا خوبانی شامل کرلے تو خوراک قوت بخش ثٓابت ہو گی۔

طبی محققین کا کہنا ہے کہ دوپہر اور رات کے کھانے میں بھی فروٹ کا مناسب استعمال صحت کے لیے مفید ہوسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پھلوں کی چٹنیاں اور اچار بھی معدے میں گرانی اور گیس کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ہاضمے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے نزدیک تازہ پھلوں کے ساتھ سبزیاں کئی بیماریوں سے انسانی جسم کا دفاع کرتی ہیں اور پھل کئی اقسام کے وٹامنز اور ریشوں کے ذریعے جسم کو توانا کرتے ہیں۔