بخاراسٹ: (ویب ڈیسک) رومانیہ میں ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، خبر کے مطابق ایک خاتون آپریشن کے دوران انتقال کر گئی، انتقال کرنے کی وجہ دوران آپریشن آپریشن تھیٹر میں آگ لگ جانا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ میں آپریشن کے دوران جس خاتون کا انتقال ہوا، وہ کینسر کی مریضہ تھی، انتقال کی وجہ مریضہ کا جھلس جانا بتایا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ کے جنوب مشرقی علاقے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ڈاکٹرز کی غفلت کی وجہ سے خاتون مریضہ علاج کے دوران جان کی بازی ہار گئی۔ خاتون مریضہ کی آپریشن تھیٹر میں سرجری جاری تھی اچانک آگ سے خاتون کو لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث 40 فیصد جسم جھلس گیا۔
آگ لگنے کی وجہ ڈاکٹرز کی غفلت اور نااہلی کو قرار دیا گیا ہے کیونکہ ڈاکٹرز نے آپریشن کے دوران مریضہ کے جسم پر شراب کا استعمال کیا اور الیکٹرک آلے سے سرجری شروع کی جو آتشزدگی کا سبب بنی۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ آگ کی لپیٹ میں آنے کے باعث خاتون مریضہ ایک ہفتہ برن سینٹر میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔
افسوسناک واقعے اور ڈاکٹروں کی غفلت کی رپورٹ میڈیا پر نشر ہوئی تو ملک بھر میں ڈاکٹروں کے خلاف مظاہرے شروع ہوگئے اور سوشل میڈیا پر بھی صارفین نے شدید غصّے کا اظہار کیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ حیران کن طور پر مریضہ کے اہل خانہ کو اس بات کا علم ہی نہیں ہوا کہ ان کی مریضہ دوران آپریشن جھلس گئی ہے، انہیں میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد واقعے کا علم ہوا۔
دوسری طرف رومانوی حکومت کی جانب سے عوامی مظاہروں کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ رومانیہ یورپ کا وہ ملک ہے جہاں علاج کی سہولیات انتہائی ناقص ہیں جبکہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بھی قلت ہے۔