اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت صحت نے سگریٹ اشتہارات اور سپانسرشپ پر پابندی عائد کردی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے سگریٹ کےاشتہارات، سپانسر شپ، انعامی سکیموں پرمکمل پابندی عائد کردی ہے اس کے ساتھ ساتھ پاور وال، پوسٹرز، بینرز، سکرین، سینما گھروں اور تھیٹرز میں سگریٹ کے اشتہارات کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے، یہی نہیں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ تمباکو مصنوعات کے تشہیر پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نےاس حوالے سے کہا کہ سگریٹ بنانے والی کمپنیاں دوکان میں یاباہرکوئی اشتہار چسپاں نہیں کرسکیں گی ، کسی کوذاتی ای میل یاڈاک کے ذریعہ اشتہار نہیں دیا جا سکے گا ۔
ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کم عمر بچے اب تمباکو مصنوعات کی اشتہاری مہم جوئی کاشکار نہیں ہوں گے، ہرسال ایک لاکھ 66 ہزار افرادتمباکونوشی کےباعث امراض سےمرجاتےہیں، تمباکونوشی کی روک تھام پرمؤثر قانون سازی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔
یاد رہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سگریٹ کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے ملک بھر کے سگریٹ ریٹیلرز کو نوٹسز جاری کردیئے تھے۔