لاہور: (دنیا نیوز) منہ، گلے اور حلق کا کینسر یا پھر پھپھڑوں کا سرطان۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تمام بیماریوں کی 90 فیصد وجوہات تمباکو نوشی سے جڑی ہیں اور رمضان المبارک ایسا مہینہ ہے جس میں دیگر برائیوں کی طرح تمباکو نوشی کی لت سے نجات بھی دیگر مہینوں کی نسبت آسان ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عموما لڑکپن سے پڑنے والی جان لیوا عادت تمباکونوشی جس سے دنیا بھر میں 70 لاکھ اور پاکستان میں سالانہ ایک لاکھ 66 ہزار افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔۔ ماہرین نے 2025 تک اموات کی یہ شرح ایک کروڑ تک پہنچنے کا خدشہ ظاہرکردیا۔
پاکستان میں تمباکونوشی اور اس سے پیدا ہونے والے پیچیدہ و موذی امراض مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ ماہرین نے مختلف اقسام کے کینسرز کی بڑی وجہ تمباکو نوشی کو قرار دیا ہے۔
تمباکو نوشی کے باعث کینسر اور پھیپھڑوں کے امراض لاحق ہوجاتے ہیں، پرانی کھانسی کے نتیجے میں مریض آکسیجن کے بغیر نہیں رہ سکتا اور ایک وقت ایسا آتا ہے کہ بے بس مریض چل بھی نہیں سکتا جو کینسر سے زیادہ اذیت ناک ہوتا ہے۔۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان تمباکو نوشی ترک کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اس ماہ مقدس میں خود کیلئے اور اپنے اہل خانہ کیلئے ہمیشہ کیلئے سگریٹ نوشی چھوڑی جا سکتی ہے۔۔