لاہور: (دنیا نیوز) لاک ڈاؤن میں نرمی اور پنجاب بھر میں بڑھتے کیسز و اموات پر کورونا ایڈوائزری گروپ نے سر پکڑ لیا۔ عید تک کیسز بڑھنے کے خدشے سے آگاہ کر کے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے رکن پروفیسر اسد اسلم کا کہنا تھا کہ احتیاط اورسختی ہی کورونا سے بچنے کا واحد طریقہ ہے، لاک ڈاؤن کھلنے سے کیسز بڑھ گئے ہیں۔ کورونا علامات کیساتھ گھر رہنے، ٹیسٹ نہ کرانے سے اموات بڑھیں۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز و رکن کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ بازار کھلنے سے کورونا کی منتقلی کا عمل بڑھ گیا، عید تک کیسزمیں ریکارڈ اضافہ ہو سکتا ہے۔ عید کے بعد حکومت کو دوبارہ سخت لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑ سکتا ہے۔
رکن کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ پروفیسر جاوید حیات کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں اور دکانوں کو دن میں دو بار کلوری نیٹ کیا جائے، سماجی فاصلے نہ رکھے گئے تو شدید مشکل میں آ سکتے ہیں۔ مارکیٹ، بازار وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں، وائرس کا کیریئر بننے سے گھروں میں بزرگ افراد متاثر ہو سکتے ہیں جن سے اموات کا خدشہ ہے۔
رکن کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ ڈاکٹر صومیہ اقتدار کا کہنا تھا کہ جولائی تک کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو گا، محفوظ رہنے کیلئے پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ اس مہلک وائرس سے بچا جا سکے۔