وزیراعلیٰ سندھ سے تاجروں کے مذاکرات کامیاب، مارکیٹیں‌ کل سے کھولنے کا اعلان

Last Updated On 10 May,2020 03:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے تاجروں کے مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد شاپنگ مالز کے علاوہ مارکیٹیں کل صبح 6 سے شام 5 بجے تک کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تاجروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 4215 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 709 نئے کیسز سامنے آئے جو ٹیسٹ کا 17 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 91323 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 11480 کیسز آئے ہیں، تکلیف دہ بات ہے کہ آج 9 مریض انتقال کر گئے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس وقت تک 189 مریض انتقال کر گئے ہیں جبکہ 9210 مریض زیر علاج ہیں۔ آج 61 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، صحتیاب ہونے والے مجموعی مریضوں کی تعداد 2081 ہے، مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ سندھ بھر کے 709 جبکہ کراچی میں 548 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بعد ازاں وزیراعلی سندھ نے تاجروں کے تحفظات سنے اور کل صبح 6 سے شام 5 بجے تک تمام دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی تاہم انہوں نے تاجروں سے گارنٹی لی کہ ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

 

Advertisement