کوئٹہ کے ریجنل بلڈ سینٹر میں پہلی بار پلازمہ تھراپی کامیاب

Last Updated On 10 June,2020 09:13 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں کورونا وائرس کے زیرعلاج مریضوں کے علاج کے لئے ریجنل بلڈ سینٹر میں پہلی بار پلازمہ تھراپی کا کامیاب عمل شروع ہو گیا ہے، سینٹر میں خون سے پلازمہ الگ کرنے والی افیئرسس مشین ایک ہی ہے جو سنگین حالات کے پیش نظر نہ ہونے کے برابر ہے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس لاک ڈاون میں نرمی کے بعد انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ان کٹھن حالات میں ریجنل بلڈنگ سینٹرکوئٹہ میں نہایت اہم پیش رفت ہوئی ہے جہاں کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کے خون سے جدید میشن کے ذریعے پلازمہ الگ کر کے زیرعلاج مریضوں کے علاج کے لئے فراہم کیا جا رہا ہے۔ پلازمہ عطیہ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ تکلیف سے گزر کر ہی دوسروں کا احساس ہوتا ہے۔

ریجنل بلڈ سینٹر میں پلازمہ تھراپی کےلئےتاحال ایک مشین ہی دستیاب ہے جو حالات کی مناسبت سےناکافی ہے۔ خون سےپلازمہ الگ کرنی والی افیئرسس مشینوں کی کمی کے باعث سینٹر میں پلازمہ عطیہ کرنے کے خواہشن مند افراد کو انتظار کرنا پڑتاہے۔ آر بی سی کے انچارج کا کہنا ہے کہ انہیں فوری طور پر کم ازکم تین مشینوں کی ضرورت ہے۔

سینٹر میں یومیہ تقریبا 6 پلازمہ تھراپیس کی جارہی ہیں، ایک تھراپی کے پراسسس میں 30 سے 45 منٹ لگتے ہیں۔