ڈیکسا میتھا سون: کورونا کی دوا مارکیٹ سے غائب

Last Updated On 19 June,2020 02:35 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) منافع خور ایک بار پھر سرگرم ہوگئے، کورونا مریضوں کے لئے موثر دوا ڈیکسا میتھا سون مارکیٹ سے غائب، قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ، حکومت نے کارروائی کی ہدایت کر دی۔ برطانیہ میں کورونا وائرس کے لئے زندگی بچانے والی دوا قرار دیئے جانے کے بعد کراچی، پشاور، اسلام آباد سمیت ملک بھر کے میڈیکل سٹورز سے ڈیکسا میتھاسون غائب ہونی شروع ہوگئی۔

مذکورہ دوا کی گولیاں اور انجکشن پاکستان میں انتہائی کم قیمت پر دستیاب تھے جو گزشتہ 2 روز سے مارکیٹ میں نایاب ہوچکے ہیں۔ پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن کے مطابق ڈیکسا میتھا سون انجکشن کی ہول سیل قیمت 450 روپے، ریٹیل قیمت 550 روپے تھی لیکن جیسے ہی ذخیرہ اندوزی شروع ہوئی تو اسکی قیمت 800 سے ایک ہزار روپے تک جا پہنچی۔

علاوہ ازیں وزارت قومی صحت نے مجوزہ دوا کی قلت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فروخت کے لئے شرائط عائد کر دیں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی طرف سے جاری ایڈوائزری کے مطابق دوا صرف رجسٹرڈ ڈاکٹر کے نسخہ پر فروخت کرنے کی اجازت ہے۔ فارمیسز فروخت کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھیں۔ ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسز دوا کی دستیابی یقینی بنائیں۔

علاوہ ازیں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کسی کو بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، دوا ملک میں کافی مقدار میں موجود ہے، مصنوعی قلت کرنے والے مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ادھر پشاورمیں بھی دوا کی ذخیرہ اندوزی پر پابندی عائد کر دی گئی۔


دوسری جانب یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ ڈیکسا میتھاسون دو دھاری تلوار ہے، اس کے بہت سائیڈ ایفیکٹس ہیں۔ ڈیکسا میتھاسون کے استعمال کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ڈیکسا میتھاسون کا فائدہ وینٹی لیٹر کے مریضوں کو ہے لیکن پاکستان میں یا دنیا میں اس کا کوئی بھی کلینیکل فائدہ نہیں۔

انہوں نے کہا میں درجنوں مریضوں کو ٹریٹ کر رہا ہوں جو مریض وینٹی لیٹر پر ہیں یا جو گردے کے مرض میں مبتلا ہیں، ان کیلئے ہم دیگر دوائیں استعمال کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا دوا کی ذخیرہ اندوزی کی کوئی ضرورت نہیں، اس کے بہت سائیڈ ایفیکٹس ہیں اس دوا کے استعمال سے فالج اور گردوں کے مرض کا خطرہ ہے۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا دوا کے استعمال سے شوگر آسمانوں پر چلی جائے گی اور بلڈ پریشر بہت بڑھ جائے گا، انفیکشن میں بھی 20 گنا اضافہ ہو جائے گا۔