ٹماٹر: دل، دانت اور آنکھوں کے لئے مفید

Published On 13 October,2020 09:24 pm

لاہور: (سپیشل فیچر) ٹماٹر کے فائدے کم نہیں، یہ اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے جو آنکھوں، دل، ہڈیوں اور دانتوں کی صحت کیلئے مفید ہے، اسی لئے کئی ممالک میں ٹماٹروں کا شربت بھی مقبول ہے۔

کہتے ہیں کہ ٹماٹر کھانے سے گردے خراب ہو جاتے ہیں، پتھری پیدا ہو جاتی ہے جو جینا دشوار کر دیتی ہے۔ یہ سچ ہے کہ ٹماٹر بہت زیادہ مقدار میں کھانے سے گردے میں پتھری پیدا ہونے کا اندیشہ ہے لیکن کسی بھی چیز کی زیادتی سے کوئی بھی بیماری لاحق ہو سکتی ہے، اسی لئے متوازن خوراک کھانا ضروری ہے۔

ٹماٹر، پھل یا سبزی

اس نے سائنسدانوں کو کافی کنفیوز کئے رکھا۔ کچھ اسے سبزیوں میں شمار کرتے تھے تو کچھ کے نزدیک یہ ایک پھل تھا۔ 10 مئی 1893ء کو امریکی سپریم کورٹ نے یہ معاملہ حل کرتے ہوئے اسے سبزیوں میں شامل کر دیا۔ امریکی سپریم کورٹ نے حکم میں لکھا کہ پھل الگ سے بھی کھائے جا سکتے ہیں لیکن سبزیاں لنچ یا ڈنر کے ساتھ سلاد کی صورت میں، سوپ سے پہلے یا بعد میں پیش کی جاتی ہیں۔ پھل کھانے کے بغیر بھی مہمانوں کو پیش کئے جا سکتے ہیں لیکن ٹماٹر مہمان نوازی میں شامل نہیں ہیں لہٰذا یہ سبزی ہے۔

ٹماٹروں کی مانگ کہاں کہاں ہے؟

ٹماٹر دنیا کے اکثر ممالک میں کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے۔ زمانہ قدیم میں سپین اور میکسیکو میں ٹماٹر کثرت سے کاشت کئے جاتے تھے۔ ازطینی باشندے اسے دوسرے ممالک میں لے گئے۔ ہسپانیہ نے اپنی فتوحات کے ساتھ اسے 16ویں صدی میں یورپ میں عام کیا۔ ٹماٹر کا لفظ بھی انگریزی اور ہسپانوی زبانوں کے دو لفظوں کے ملاپ سے بنا ہے۔

انگور اور سٹرابری جیسے ٹماٹر

ٹماٹر صرف لال لال رنگ کے نہیں ہوتے۔ چیری، سیب، انگوروں، کیلوں، سٹرابری اور خربوزوں کے بیچوں یا شاخوں کی پیوندکاری کے ذریعے کئی ممالک میں اس کی پیلی، ہری اور دیگر رنگوں کی اقسام تیار کی جا رہی ہیں۔

ہم اس کی زیادہ اقسام سے واقف نہیں ہیں۔ دنیا کے کئی ممالک میں ٹماٹر پر جینیاتی تحقیق کے مراکز قائم ہیں۔ 10 ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہر نباتات کی ایک ٹیم نے   بائیس تھامپسن انسٹی ٹیوٹ آف پالنا ریسرچ ‘‘ کی قیادت میں 2004ء سے 2009ء تک ٹماٹروں کی جینومز کا ڈیٹا اکھٹا کیا۔

امریکی ٹماٹر سے ناراض رہے

امریکہ میں ٹماٹر کی فصل کئی زمانہ قدیم سے موجود رہی لیکن کئی سو سال تک اسے محض سجاوٹ کے لئے کاشت کیا جاتا رہا۔ امریکی ٹماٹروں کو خوفناک زہر سمجھتے ہوئے اسے کھانے سے ڈرتے تھے۔ وہاں اس کا بطور سبزی استعمال 1800 صدی میں اس وقت شروع ہوا جب سابق صدر تھامس جیفرسن نے ان کی کاشت شروع کی۔ بعد ازاں ٹماٹروں کو 1812ء میں ریاستی کھانوں کا حصہ بنا لیا گیا۔ اب امریکہ میں اس کے بغیر سلاد اور پاستا مکمل نہیں ہوتے۔

ٹماٹروں کے طبی فائدے

ٹماٹر میں لائیسوپین کی مناسب مقدار پائی جاتی ہے، جو اسے کئی دوسری سبزیوں سے ممتاز کرتی ہے۔ اسی لئے یہ زبردست آکسیڈنٹ ہے۔ یہ مثانہ کے سرطان میں مفید ہے۔ مثانہ کے سرطان میں اسے بطور دوا بھی استعمال کرایا جاتا ہے۔ اس میں پائے جانے والے کئی اجزا ہڈیوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ یہ ایل ڈی ایل نامی نقصان دہ کولسٹرول کے خاتمے اورشوگر میں بھی مفید ہے۔ یہ کارڈیو ویسکلر سسٹم کے لئے بھی مفید ہے۔ یوں دل کی صحت کو قائم رکھنے میں معاون بنتا ہے۔ ٹماٹر حیاتین اے اور سی کا خزانہ ہیں۔ یہ آنکھوں اور مدافعتی نظام کے لئے بھی اچھا ہے۔   phytonutrients‘‘ کے حوالے سے ٹماٹر بے مثال ہیں۔ماہرین نے ٹماٹروں کی مناسب مقدار کا استمال صحت کیلئے انتہائی مفید قرار دیا ہے۔

تحریر: ڈاکٹر سید فیصل عثمان