فیصل آباد: سول ہسپتال کے او پی ڈی کی الٹرا ساؤنڈ مشین کئی دنوں سے غیر فعال

Published On 08 October,2020 03:42 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے سول ہسپتال کے او پی ڈی وارڈ کی واحد ڈیجیٹل الٹرا ساؤنڈ مشین فنی خرابی کے باعث گزشتہ کئی دنوں سے غیر فعال ہے جس سے مریض پرائیویٹ لیبارٹریوں سے مہنگے داموں الٹرا ساؤنڈ کرانے پر مجبور ہیں۔

کہنے کو تو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مگر سہولیات کی فراہمی میں چھوٹی ڈسپنسری سے بھی کم ہے۔ سول ہسپتال میں آنے والے مریضوں کے آؤٹ ڈور ٹیسٹوں کیلئے نصب کی گئی واحد ڈیجیٹل الٹرا ساوّنڈ مشین گزشتہ کئی دنوں سے خرابی کا شکار ہے۔ مشین خراب ہونے سے دور دراز سے سفر کر کے مفت علاج کیلئے ہسپتال آنے والے مریض مایوس واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔

روزانہ کی بنیاد پر 300سے زائد مریض ڈیجیٹل الٹرا ساوّنڈ کروانے ہسپتال آتے ہیں جو مشین کی خرابی کے باعث خواری کا شکار بن رہے ہیں۔ البتہ میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر آصف کہتے ہیں کہ جلد مشین کو ٹھیک کرواکر فعال کردیا جائے گا۔

سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی کمی کے باعث مزدور طبقے کیلئے علاج معالجہ کروانا بھی خواب بن گیا ہے۔ شہری مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈیجیٹل الٹراساوّنڈ مشین کو فعال کرنے سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔
 

Advertisement