وٹامن اے جسم میں موجود چربی کو پگھلانے میں اہم قرار

Published On 28 October,2020 06:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک)ایک تحقیق کے بعد ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ انسانی جسم میں وٹامن اے جسم میں موجود چربی کو پگھلانے کا کام کرتا ہے۔

ویانا میڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین کی تحقیق کے مطابق سردی کے موسم میں انسانی جسم وٹامن اے کی زیادہ ضرورت محسوس کرتا ہےکیونکہ جسم میں بھوری چربی کا اضافہ ہو چکا ہوتا ہے۔ اسی طرح میٹابولک سرگرمیوں اور توانائی کی کھپت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق انسانی جسم میں کافی مقدار میں سفید چربی ہوتی ہے جو دونوں طرف کولہوں اور پیٹ میں جمع ہوتی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ وٹامن اے ایڈیپوز ٹشوز کے کام میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور توانائی کے استعمال کو مضبوط کرتا ہے۔

ماہرین نے اس جانب بھی توجہ دلائی ہے کہ لوگ وٹامن اے کے حصول کے لیے ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر کوئی دوا استعمال نہ کریں۔ سائنسدان اب اس پر تحقیق کر رہے ہیں کہ موٹاپے سے بچاؤ کے لیے سردی کے موسم میں چربی کے خلاف مزید کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
 

Advertisement