پاکستان کا برطانوی آسترا زینیکا کی تیار کردہ کورونا ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ

Published On 21 January,2021 10:42 am

لاہور:(روزنامہ دنیا) پاکستان نے بھارت میں تیار ہونے والی برطانوی کمپنی آسترا زینیکا کی ویکسین کی درآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہےجو کراچی میں قائم ادویات مہیا کرنے والی نجی کمپنی سندھ میڈیکل سٹورز کو دی جائے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایس ایم ایس کے نمائندے کا کہنا ہے کہ وہ برطانوی کمپنی آسترا زینیکا کی تیار کردہ ویکسین بھارت سے درآمد کریں گے ۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے حال ہی میں دو غیر ملکی کورونا وائرس ویکسینز کے ملک میں ایمرجنسی استعمال کی اجازت دی ہے جن میں چینی ویکسین سائنوفارم اور آسترا زینیکا کی تیار کردہ ویکسین شامل ہیں۔

اسلام آباد میں ڈریپ کے میڈیا کوآرڈینیٹر اختر عباس نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ایس ایم ایس کو آسترا زینیکا کی ویکسین سے متعلق باقاعدہ اجازت نامہ جاری کر دیا جائے گا جس کے بعد نجی کمپنی ویکسین درآمد کر سکے گی۔واضح رہے کہ بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونا میں قائم سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا میں ڈبلیو ایچ اوکی منظور شدہ ویکسینز تیار کی جاتی ہیں۔
 

Advertisement