نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ صحت نے کورونا وائرس کی موڈرنا ویکسین کے مضر اثرات پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تحقیقات میں موڈرنا ویکسین لگوانے والے نوجوانوں کو دل کی نادر بیماری لاحق ہونے سے متعلق حقائق اکٹھے کئے جائیں گے ۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی حکام تحقیقات میں مصروف ہیں اور مزید معلومات جمع کرنے کے بعد ہی کسی حتمی نتیجے تک پہنچ سکتے ہیں۔
اس سے قبل ماہ جون کے دوران امریکی محکمہ صحت نے موڈرنا اور فائزر کی کورونا ویکسین کے ساتھ دئیے جانے والے معلوماتی مواد میں اس وارننگ کو شامل کروایا تھا کہ اس ویکسین سے نوجوانوں میں دل کی نادر بیماری ہو سکتی ہے مگر اس وقت کہا گیا تھا کہ ویکسین لگوانے کے فوائد اسکے نقصانات سے کہیں زیادہ ہیں۔
امریکی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فائزر کے مقابلے میں موڈرنا کی ویکسین سے Myocarditis نامی بیماری واقع ہونے کا چانس ڈھائی گنا زیادہ ہے۔
تحقیقات میں کینیڈا سے اکٹھا کیا جانے والا ڈیٹا استعمال کیا جا رہا ہےجس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ویکسین لگوانے والے 30 سال سے کم عمر مردوں میں Myocarditis کی بیماری کے خطرات زیادہ ہیں۔