لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، اب تک 5 کروڑ سے زائد لوگ ویکسین لگوا چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ شاباش پاکستان، ملک بھر میں 50 ملین سے زائد لوگ ویکسین لگوا چکے ہیں، اگر آپ نے ویکسین نہیں لگوائی تو ہماری اپیل ہے کہ اپنے آپ کو ویکسین لگوائیں۔
اپنے بیان میں این سی او سی نے لکھا کہ اگر دوسری ڈوز والے ہیں تو پہلی خوراک کے 28 دن بعد کسی بھی ویکسی نیشن سنٹر میں جا کر ویکسین لگوائیں۔
Well done Pakistan!!! Landmark of 5 Crore COVID vaccine doses (50 Million doses) crossed!!! If not vaccinated yet, please get yourself vaccinated! In case you are due for 2nd dose, just walk in to any vaccination center after 28 days of 1st dose!!! Lets make Pakistan Safe!!
— NCOC (@OfficialNcoc) August 27, 2021
آخر میں اپنے پیغام میں این سی او سی نے لکھا کہ آئیں ملکر پاکستان کو محفوظ بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں پٹرول لینے کے لئے کورونا ویکسین لازمی قرار دینے کا فیصلہ
اس سے قبل ضلعی انتظامیہ نے پٹرول لینے کے لئے کورونا ویکسین لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اگر پٹرول لینا ہے تو اس کے لئے ویکسین اہم شرط ہوگی۔ لاہور نیوز کے مطابق یکم ستمبر سے ویکسین نہ لگوانے والوں کو پٹرول نہیں ملے گا، شہر کے متعدد پٹرول پمپس پر بینرز لگا دئیے گئے ہیں۔
دوسری طرف کورونا کے کم کیسز کے حوالے سے پاکستان دنیا کے 5 بہترین ممالک میں شمار کیا جاتا ہے۔ این سی اوسی کی رپورٹ کے مطابق ایک ملین کی آبادی میں کم سے کم کیسز کے حوالے سے پاکستان، چین، نائیجریا، ایتھوپیا اور مصر کو شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کورونا ویکسین مہم کے حوالے سے دنیا کے پہلے 30 ممالک میں شامل ہے۔ ہیلتھ کیئر سپورٹ سسٹم کے حوالے سے جاری اعدادوشمار کے مطابق وبا کے شروع میں روزانہ 472 ٹیسٹ کی صلاحیت تھی جسے بڑھا کر اب 80 ہزار ٹیسٹ کر دیا گیا ہے۔
وبا کے شروع سے اب تک ہیلتھ کیئر سسٹم میں 7043 آکسیجن بیڈز شامل کیے گئے ہیں۔ آکسیجن کی ضرورت پورا کرنے کیلئے آکسیجن کی پیداوار 487 میٹرک ٹن روزانہ سے بڑھا کر 803 میٹرک ٹن کر دی گئی ہے۔ 1 لاکھ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی جسمانی اور نفسیاتی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ انتہائی نازک صورتحال کے کیسز کو ڈیل کرنے کیلئے 5 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کی ٹریننگ کی گئی ہے۔
این سی او سی نے بتایا کہ پاکستان دو ایئر پورٹس پر کورونا کیسز کی نشاندہی کرنیوالے کتوں کی خدمات حاصل کرنے والا دنیا میں پہلا ملک ہے۔
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 95 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 25 ہزار 415 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 44 ہزار 341 ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کےکم کیسز،پاکستان دنیاکے5بہترین ممالک میں شامل ہے:این سی اوسی
24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 86 ہزار 578، سندھ میں 4 لاکھ 27 ہزار 37، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 59 ہزار 483، بلوچستان میں 32 ہزار 14، گلگت بلتستان میں 9 ہزار 795، اسلام آباد میں 97 ہزار 956 جبکہ آزاد کشمیر میں 31 ہزار 478 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 75 لاکھ 20 ہزار 285 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 496 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 10 لاکھ 26 ہزار 82 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 515 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 95 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار 415 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 706، سندھ میں 6 ہزار 766، خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 884، اسلام آباد میں 860، بلوچستان میں 338، گلگت بلتستان میں 172 اور آزاد کشمیر میں 689 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔