کراچی: (دنیا نیوز) قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ملازمین نے او پی ڈیز کا بائیکاٹ کر دیا جس سے مریض اذیت میں مبتلا ہیں، دور دراز سے علاج کیلئے آنیوالے درجنوں مریض واپس لوٹنے لگے۔
قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ملازمین کی جانب سے ایک بار پھر سے او پی ڈیز کا بائیکاٹ کردیا گیا ہے۔ ملک بھر سے دل کی بیماریوں میں مبتلا ہو کر آنے والے مریض شدید اذیت کا شکار ہیں۔ معائنہ نہ ہونے پر درجنوں مریض مایوس واپس لوٹ گئے۔
ملازمین کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ انہیں 15 ماہ سے روکا ہوا کورونا الاؤنس دے اور کورونا میں کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کیا جائے جبکہ دیگر الائونسز بھی دئیے جائیں۔ مظاہرین نے مزید کہا کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہسپتال کے دیگر شعبوں کا بھی بائیکاٹ کریں گے۔