کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس پھر تیزی سے پھیلنے لگا، کراچی میں مثبت کیسز کی شرح اکتالیس فیصد سے بھی تجاوز کرگئی،حیدر آباد میں سترہ، اسلام آباد میں پندرہ اور لاہور میں وبا کی شرح چودہ فیصد سے بھی بڑھ گئی۔
کورونا وبا کے پھیلاؤ کی صورتحال پھر تشویشناک، کراچی میں شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی۔ شہر قائد میں مثبت کیسز کی شرح اکتالیس اعشاریہ صفر چھ فیصد تک پہنچ گئی ،حیدر آباد میں کورونا کی شرح سترہ اعشاریہ دو سات فیصد رپورٹ ہوئی۔
سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار 648 کیس سامنے آئے،300 مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ 22 وینٹی لیٹر پر ہیں۔
اسلام آباد میں بھی کورونا تیزی سے پھیلنے لگا، مثبت کیسز کی شرح پندرہ اعشاریہ تین سات فیصد ہوگئی جو ایک دن میں سب سے زیادہ شرح ہے۔
لاہور میں شرح چودہ اعشاریہ دو پانچ، راولپنڈی میں بارہ اعشاریہ سات پانچ تک پہنچ گئی۔
خیبرپختونخوا میں بھی کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے، پشاور میں کورونا کی شرح گیارہ اعشاریہ صفر دو فیصد ہوگئی ،مظفرآباد میں کورونا مثبت کی شرح 25 فیصد رپورٹ ہوئی۔