لندن : (ویب ڈیسک ) انڈوں کو غذائیت سے مالامال سمجھا جاتا ہے اور اس کا استعمال جسم کی بے شمار غذائی ضروریات کو پورا کرتا ہے ، تاہم بہترین دل کیلئے ہمیں کتنے انڈے کھائے جائیں اس کا خیال تقریبا ہر عمر کے افراد کورکھنا چاہیئے ۔
ہارورڈ میڈیکل اسکول کی جانب سے شائع ہونے والی حالیہ تحقیق سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ اگر ایک ہفتے میں آپ 3-4 انڈے کھاتے ہیں تو یہ آپ کی صحت کے لئے بہترین ہے ، اگر آپ دل کے مریض یا پھر کولیسٹرول کے مریض ہیں تب بھی آپ انڈے کھا سکتے ہیں۔
ماضی میں یہ خیال کیا جاتا تھا کہ جن افراد کو کولیسٹرول کا مرض لاحق ہو یا پھر عارضہ قلب میں مبتلا ہوں وہ انڈوں سے پرہیز کریں کیوں کہ یہ کولیسٹرول کی مقدار کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
حالیہ تحقیق نے ان تمام تصورّات کو غلط ثابت کردیا ہے ، غیر ملکی جریدے میں شائع ہونے والی ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ انڈوں کی زیادہ مقدار کھانے سے ہماری صحت پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے بلکہ انڈوں کا استعمال قلبی بیماری (CVD) کو روکنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
محققین نے اس تحقیق کے لئے 3 ہزار سے زائد مرد و خواتین پر مشتمل ایک گروہ پر 10 سال تک تحقیق کی ، تحقیق کے دوران کیے گئے ایک سروے میں ان سے معلوم کیا گیا کہ وہ ایک ہفتے کے دوران کتنے انڈے کھاتے ہیں ، اس تحقیق کے بعد یہ معلوم ہوا کہ 3 ہزار سے زائد کے گروہ میں سے تقریباً 317 افراد دل کے امراض میں مبتلا ہوئے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق جو لوگ ہفتے میں ایک یا اس سے کم انڈے کھاتے ہیں ان میں CVD کے کیسز کی شرح 18 فیصد تھی، وہ افراد جو ہفتے میں 1 سے 4 انڈے کھاتے تھے ان میں سی وی ڈی کے واقعات کی شرح 9 فیصد تھی جبکہ وہ لوگ جو ہفتے میں 4 سے 7 انڈے کھاتے تھے ان میں واقعات کا خطرہ 8 فیصد شرح رہی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 1 سے 3 انڈے کھانے سے دل کی بیماری کا خطرہ 60 فیصد تک کم ہوسکتا ہے جبکہ ہفتے میں 4 سے 7 انڈے کھانے سے یہ 75 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔