اسلام آباد: (دنیا نیوز) ماہرین نے کہا ہے کہ غیر متوازن غذا کے استعمال سے پاکستان کی بڑی آبادی موٹاپے کا شکار ہو گئی ہے جبکہ ورزش نہ کرنا اور آرام طلبی کی عادت بھی موٹاپے کی وجہ بن رہی ہے۔
پاکستان میں ہر تیسرا شخص موٹاپے کا شکار ہے، مردوں کے مقابلے میں خواتین میں موٹاپے کا رجحان زیادہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق غیر صحت مندانہ طرز زندگی کے باعث پاکستان میں 50 فیصد خواتین موٹاپے کا شکار ہیں جبکہ 10 سال سے کم عمر 6 سے 8 فیصد بچے بھی اوور ویٹ ہیں، اس کی بنیادی وجہ نشاستہ دار غذاؤں کا استعمال، ورزش اور کھیل کود سے دوری ہے۔
پاکستان نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹک سوسائٹی کے سروے کے مطابق پاکستان کے 11 بڑے شہروں میں 88 فیصد سے زائد افراد موٹاپے کا شکار ہیں، سروے میں اسلام آباد اور پنجاب کے تمام شہروں میں 95 فیصد، کراچی میں تقریباً 84 فیصد اور کوئٹہ میں 73 فیصد افراد موٹاپے میں مبتلا پائے گئے۔
طبی ماہرین کے مطابق موٹاپے کے شکار افراد میں بلڈ پریشر اور ذیابطیس سمیت دیگر موذی امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، مرد و خواتین میں جسمانی ورزش نہ کرنا اور غیر صحت مندانہ غذا موٹاپے کی بڑی وجوہات ہیں، متوازن غذا کے استعمال اور ورزش کو معمول بنا کر بہت سے موذی امراض سے بچا جا سکتا ہے۔