لاہور : (ویب ڈیسک ) ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے ، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر چند اہم چیزوں کا خیال رکھنا کتنا ضروری ہے ؟
عید الاضحیٰ پر مسلمان سُنتِ ابراہیم علیہ السلام کی ادائیگی کرتے ہیں، ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے اور نئے کپڑے پہنتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ بہت سے لذیذ پکوان اس دن کی رونق دوبالا کردیتے ہیں کیونکہ عید الاضحیٰ تو ہے بھی مزیدار پکوان بنانے کا نام، تو ایسے موقع پر دستر خوان پر ہاتھ روکنا مشکل ہوجاتا ہے۔
لیکن ایسے میں بے احتیاطی آپ کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے، چونکہ عید کے دنوں میں گوشت اور مصالحہ دار پکوان بہت زیادہ بنائے جاتے ہیں تو ایسے میں معدے اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوجانا ایک عام بات ہے۔
اسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہم آپ کو کچھ مفید تجاویز بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ کسی تکلیف میں مبتلا ہوئے بغیر دعوتیں اڑا سکتے ہیں۔
رواں برس عید پر بارشوں کا بھی موسم ہے، ایسے موسم میں مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہوجاتی ہے جس سے مختلف وبائی امراض پھیلنے لگتے ہیں، لہٰذا نہ صرف گھر کو صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے بلکہ کھانا بھی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کریں۔
اپنے گھر سے باہر گلیوں اور محلوں کی صفائی کرنا بھی نہ بھولیں اور قربانی کے بعد فوری طور پر آلائشوں کو ٹھکانے لگا کر صفائی کریں اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کریں۔
دن کے وقت عزیز و اقارب سے ملنے کے لیے یا سیر و تفریح کے لیے نکلتے ہوئے یا پھر قربانی کا فریضہ انجام دیتے ہوئے سخت مصروفیت کے دوران پانی پینا نہ بھولیں۔
دن بھر کی مصروفیت میں پانی کی کمی طبیعت خرابی کا باعث بن سکتی ہے، گھر میں شاندار دعوت کا اہتمام کررہے ہیں تو سلاد کو مینیو کا لازمی جز رکھیں، مختلف سبزیوں پر مشتمل سلاد کھانے کی تیزی کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک رکھنے سے گریز کریں، اس کی جگہ فریش جوسز رکھے جاسکتے ہیں، اگر آپ کسی کے گھر مہمان بن کر گئے ہیں تو کھانے کے بعد کولڈ ڈرنک کی جگہ ٹھنڈا پانی پئیں۔
عید کی تعطیلات میں جس دن کوئی دعوت نہ ہو اس دن کم مصالحوں کی سبزیاں یا دال چاول بنائیں، یہ سادہ کھانا مسلسل کھائے جانے والے مصالحے دار کھانوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد دے گا۔
عید کی تعطیلات میں گھر پر رہتے ہوئے دہی اور لسی کو اپنے کھانے کا حصہ بنا لیں، یہ آپ کو گرمی اور مصالحے دار کھانوں کے اثرات سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔
دن کے آخر میں سونے سے قبل کھلی ہوا میں چند منٹ کی چہل قدمی نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی اور آپ کے جسمانی نظام کو معمول کے مطابق رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔