لاہور : (دنیانیوز) لاہور میں گرمی کی لہر بدستور جاری ہے، شدید گرمی، ہیٹ ویو اور سن برن کی وجہ سے شہری مختلف جسمانی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہیٹ ویو، ہیٹ سٹروک ، سن برن اور پانی کی کمی کے باعث متعدد شہری گردوں و دیگر مختلف جسمانی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے، گرمی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نزلہ زکام اور کھانسی کا شکار ہو رہے ہیں، شہر میں پیلا یرقان، ٹائیفائیڈ، گیسٹرو اور ہیضہ کے مریض سامنے آ رہے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں، پیلا یرقان، ٹائیفائیڈ، گیسٹرو اور ہیضہ کے مریض بڑی تعداد میں رپورٹ ہو رہے ہیں، میوہسپتال، جناح ہسپتال ،جنرل ،سروسز اور گنگارام ہسپتال میں سب سے زیادہ مریض سامنے آ رہے ہیں، میو ہسپتال میں گزشتہ دو روز میں گیسٹرو، ہیضہ، ہیٹ سٹروک ،نزلہ ،زکام کے 1600 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔
جناح ہسپتال میں 1400 سے زائد جبکہ سروسز ہسپتال میں 12 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں، گنگارام ہسپتال میں ایک 1 ہزار سے زائد جبکہ جنرل ہسپتال میں 8 سو سے زائد مریض سامنے آئے۔
ماہر امراض معدہ و جگر ڈاکٹر عاطف چودھری کا کہنا ہے کہ حالیہ موسم میں پیلا یرقان ، ٹائیفائیڈ، گیسٹرو اور ہیضہ کے مریض بھی تیزی سے سامنے آ رہے ہیں، غیر معیاری مشروبات اور گندا پانی گیسٹرو، ٹائیفائیڈ اور پیلا یرقان کا سببب بن رہے ہیں، اس موسم میں پانی ابال کر پینا چاہیے۔