لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور آسانی کےلئے مویشی منڈیوں کے لئے جامع ٹریفک پلان مرتب کر لیا ہے، شہر کی 9 مویشی منڈیوں میں موثر ٹریفک پلان کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ ڈویژنل افسران کے زیرنگرانی 4 ڈی ایس پیز، 16 انسپکٹرز اور 254 وارڈنز تعینات ہیں، رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کےلئے 9 فوک لفٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ مین شاہراہ پر کوئی جانور یا گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت نہیں، شہریوں کو مویشی منڈیوں تک رسائی میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی، منڈیوں میں رش بڑھنے سے ٹریفک کی نفری میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور نے وارڈنز کو نوسر بازوں، مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
مستنصر فیروز کا مزید کہنا ہے کہ شاہ پور کانجراں، نزد حویلی مرکز بالمقابل نثار حویلی سندر روڈ مویشی منڈی لگے گی، برکی روڈ، اڈا چھبیل مناواں اور لکھو ڈئیر ترکی روڈ منڈیاں لگیں گی۔
اسی طرح ایل ڈی اے سٹی نزد سدھر گاؤں کاہنہ کاچھا روڈ مویشی منڈی لگے گی، این ایف سی سوسائٹی ملتان روڈ بحریہ ٹاؤن، پائن ایونیو نزد شانو بابا مویشی منڈی ہوگی۔
سی ٹی او لاہور نے کہا ہے کہ پبلک ایڈریس سسٹم کے ذریعے شہریوں کو پارکنگ اور دیگر آگاہی بھی دی جاتی رہے گی۔