لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے شاہدرہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران اشتہاری ملزم ہلاک ہوگیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق سی آئی اے ٹیم نے تھانہ شاہدرہ کے علاقے میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے ریڈ کیا تو ملزمان نے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس ٹیم کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی اور اس دوران اشتہاری، شوٹر، ڈکیت اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم ابو ہریرہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والا ملزم ابو ہریرہ سنگین مقدمات میں پولیس کو نہایت مطلوب تھا، ملزم کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے تاہم ان کی گرفتاری کے لئے انچارج سی آئی اے شاہدرہ انسپکٹر مجاہد جٹ سراء کی زیر نگرانی علاقہ میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔