وزیراعلیٰ پنجاب کا میو ہسپتال کا دورہ، ناقص انتظامات پر اظہار برہمی

Published On 09 November,2023 02:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میو ہسپتال میں ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میو ہسپتال کا دورہ کیا، ہسپتال انتظامیہ، وائے ڈی اے کی مبینہ ملی بھگت سے ناقص کارکردگی کو چھپانے کی کوشش، ناقص انتظامات اور گندگی پر وزیراعلیٰ انتظامیہ پر برس پڑے۔

محسن نقوی نے وارڈز، تہہ خانے سمیت لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا، ہسپتال کے تہہ خانے میں خوفناک مناظر، گندا پانی، کوڑا کرکٹ کے ڈھیر دیکھ کر وزیراعلیٰ نے وائس چانسلر اور سی ای او کی سرزنش کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے گھڑی وارڈ کا بھی دورہ کیا اور مریضوں سے سہولیات بارے دریافت کیا، گھڑی وارڈ کے پیچھے لگے گندگی کے ڈھیروں بارے مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔

محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کام چاہیے ورنہ عہدے چھوڑ دیں، غفلت، لاپرواہی، جھوٹ ہرگز برداشت نہیں، کسی چیز کو ضائع مت کریں، استعمال میں لائیں، وارڈز کو کیوں ضائع کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ کے سوالات پر پروفیسر ایاز محمود، وائس چانسلر پروفیسر ہارون حامد لاجواب ہو گئے اور خاموشی سے سنتے رہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ڈاکٹرز، پروفیسرز سمیت ہم نے سب کے مسائل سنے ان کو سہولیات دیں لیکن کام نہ کرنے پر سخت سزائیں ہوں گی۔