نگران وزیراعلیٰ کا خالد بٹ چوک انڈر پاس کا دورہ، کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت

Published On 07 November,2023 08:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے علی الصبح خالد بٹ چوک انڈرپاس پراجیکٹ کا دورہ کیا، منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا، محسن نقوی نے انڈر پاس کی اندرونی دیواروں کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ بھی کیا۔

کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر اور کنٹریکٹر نے پراجیکٹ پر پیشرفت کے بارے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ انڈر پاس کی اندرونی دیواروں کے کام کو آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا، انڈر پاس کی اندرونی سڑک پر تعمیراتی کام دن رات جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خالد بٹ چوک انڈر پاس کو اسی ماہ کے وسط تک مکمل کیا جائے، محسن نقوی نے منصوبے کے اطراف گرین بیلٹس پر شجرکاری اور لینڈ سکیپنگ کیلئے ڈی جی پی ایچ اے کو بھی ہدایات دیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خالد بٹ چوک انڈرپاس کو جلد ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، منصوبے کی تکمیل سے یومیہ ایک لاکھ 80 ہزار گاڑیوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی، گلبرگ، کلمہ چوک ، کینٹ کیولری گراؤنڈ ، ڈی ایچ اے اوروالٹن کے علاقے مستفید ہوں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔