لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے میں 740 فیصد اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ امریکی ادارے ناسا کی مستند رپورٹ کے مطابق انڈین پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، ناسا کی جاری کردہ تصویروں کے مطابق صرف ایک ہی دن میں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں 740فیصد اضافہ انتہائی الارمنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناسا کی رپورٹ اور تصویریں بھارت کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات کو اتنے بڑے پیمانے پر جلانے سے سموگ خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں سموگ میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات کو بڑے پیمانے پر جلانا ہے، بھارت کی ماحولیاتی جارحیت کی وجہ سے لاہور میں آلودگی کی شرح میں مسلسل اضافہ انتہائی تشویش ناک ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب سموگ سے نمٹنے کے لیے ہر وہ اقدام کر رہی ہے جو انسانی بس میں ممکن ہے، سموگ کے باعث آنکھوں،سانس اور ای این ٹی کے امراض بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سموگ سے بچاؤ کے لئے عوام خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کو ماسک استعمال کرنا چاہیے۔