وزیراعلیٰ پنجاب کا شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ، فنشنگ کے کاموں کا جائزہ

Published On 02 November,2023 09:20 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے علی الصبح شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا، انہوں نے منصوبے کے فنشنگ کے کاموں کا جائزہ لیا۔

شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ نے بھی سپیڈ پکڑ لی، وزیراعلیٰ پنجاب کے مسلسل دوروں اور مانیٹرنگ سے منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا، پراجیکٹ پر مجموعی طور پر 95 فیصد کام مکمل ہو چکا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے علی الصبح شاہدرہ فلائی اوور منصوبے کے دورے کے دوران لاہور سے گوجرانوالہ سائٹ پر نوتعمیر شدہ اوورہیڈ برج کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی ایچ اے کو پراجیکٹ کے دونوں اطراف بھرپور شجرکاری اور لینڈ سکیپنگ کی ہدایت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ داخلی راستے کو پھولدار پودوں اور درختوں سے خوبصورت بنایا جائے، پی ایچ اے لاہور کے سب سے بڑے داخلی راستے کو خوبصورت بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔

یہ بھی پڑھیں:نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے جیلانی پارک میں  چائے فیسٹیول  کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہدرہ فلائی اوور اسی ماہ کے وسط میں ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، پراجیکٹ مکمل ہونے سے شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے پر ٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا۔

کمشنر لاہور ڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا اور کنٹریکٹر نے منصوبے کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی کہ شاہدرہ چوک فلائی اوور منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 3 لاکھ سے زائد گاڑیوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی، اطراف میں سروس روڈ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

صوبائی وزراء منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر، ڈپٹی کمشنر، سی ٹی او، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔