لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے جیلانی پارک میں 'لہور لہور اے' ثقافتی میلے کے تحت چائے فیسٹیول کا افتتاح کر دیا، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور نے ٹی فیسٹیول کے بارے میں بریفنگ دی۔
محسن رضا نقوی نے میلے میں لگائے گئے چائے کے سٹالز دیکھے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹی فیسٹیول کے انعقاد کی کاوش کو سراہا، نگران وزیر اعلیٰ ہر سٹال پر گئے اور منتظمین سے گفتگو کی انہوں نے شہریوں سے ٹی میلے کے بارے میں پوچھا جس پر شہریوں نے ٹی میلے کے انعقاد کی تعریف کی، شہریوں نے محسن نقوی کے ساتھ سیلفیاں اور تصویریں بنوائیں۔
شہریوں نے محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسا وزیر اعلیٰ پاکستان کی خوش قسمتی ہے، آپ نے کام کر کے دکھایا ہے اور آپ کی سپیڈ کے سب معترف ہیں، کوئی وزیر اعلیٰ اتنا کام نہیں کر سکا جتنا آپ نے 9 ماہ میں کیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لہور لہور اے ثقافتی میلے کے تحت شاندار ٹی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے، شہری اس فیسٹیول سے لطف اندوز ہونے کیلئے جیلانی پارک آئیں، میلے میں بچوں کی تفریح کیلئے بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، محسن نقوی نے بچوں کیساتھ شفقت کا اظہاربھی کیا۔