وزیراعلیٰ محسن نقوی ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ کی حالت زار پر برہم

Published On 30 October,2023 09:33 am

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) محسن سپیڈ شیخوپورہ پہنچ گئی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کی حالت زار دیکھ کر برہم ہو گئے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے 18 گھنٹوں کے دوران 5 ہسپتالوں کے دورے کیے، رات گئے محسن نقوی شیخوپورہ ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچے جہاں گندی بیڈ شیٹس، مس مینجمنٹ اور گندگی دیکھ کر اظہار برہمی کیا۔

ہسپتال کی انتہائی بری حالت میں وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیئے، نگران وزیر اعلیٰ نےایم ایس ہسپتال کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دیا جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کو سخت وارننگ بھی دی۔

وزیراعلیٰ نے شکایات کے ازالے کیلئے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جو تمام شکایات کا جائزہ لے کر فوری ازالہ کر کے وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی، محسن نقوی نے باہر سے ادویات منگوانے اور ٹیسٹ کروانے والے مریضوں کے پیسے واپس کرنے کا حکم دیا اور صحت کارڈ کاؤنٹرز 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے موقع پر ہی سیکرٹری صحت کو فون کیا اور اس ضمن میں ہدایات دیں۔

انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کے لیے فراہم کردہ طبی سہولتوں کا جائزہ لیا، محسن نقوی مختلف وارڈز میں گئے، مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا، وزیر اعلیٰ نے مفت ادویات اور ٹیسٹ کی سہولت کے بارے بھی دریافت کیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے لیب کا دورہ کیا اور ٹیسٹ کا ریکارڈ چیک کیا، انہوں نے ایمرجنسی میں مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کے کیفے ٹیریا کی اپ گریڈیشن کا بھی حکم دیا۔