لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت ون ونڈو آپریشن سنٹر کے قیام کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں لاہور میں سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے لئے ”ون روف، ون سٹاپ“ سلوشن پر تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ فیڈمک، پیڈمک اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ون ونڈو آپریشن سنٹر میں سروسز فراہم کریں گے، لوکل گورنمنٹ، ماحولیات، ہاؤسنگ اور دیگر محکموں کے بااختیار افسران ون ونڈو سنٹر میں موجود ہوں گے، لیسکو اور سوئی گیس کے کاؤنٹر بھی ون ونڈو سنٹر میں قائم کئے جائیں گے۔
دوران بریفنگ کہا گیا کہ ون ونڈو سنٹر میں اراضی انتقال، نقشہ پاس کرنے اور ماحولیات کے این او سی کی سہولت میسر ہوگی، ون ونڈو سنٹر کے کاؤنٹر کے افسران درخواست دہندگان کا فارم خود پر کریں گے۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ سنٹر پر آپریشن 5 مراحل میں مکمل کر دیا جائے گا، 10دن کے اندر کارروائی مکمل نہ ہونے پر متعلقہ سیکرٹری کے ڈیش بورڈ پر سرخ نشان نمودار ہوگا، ون ونڈو سنٹر کے لئے آپریشنل ریویو کمیٹی اور سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز انڈسٹریز، خزانہ، ماحولیات، لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ، جنگلات، ڈی جی ایل ڈی اے، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسر فیڈمک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔