لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور فلائی اوور پر سٹیل فکسنگ کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا، محسن نقوی نے مزدوروں سے مصافحہ کیا اورتیز رفتاری سے پراجیکٹ پر کام پر شاباش دی۔
محسن نقوی نے منصوبے کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، صوبائی وزیر اظفر علی ناصر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی عمران امین اور کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت اور تکمیل کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ گھوڑا چوک فلائی اوور تین لینز پر مشتمل ہے، منصوبے پر تقریباً ایک ارب 90 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
عمران امین نے کہا کہ منصوبے کو وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر وقت سے پہلے مکمل کریں گے، منصوبے کی تکمیل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور منصوبے پر دن رات کام ہوتا دیکھ کر خوشی ہے، کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ منصوبہ جلد مکمل ہو سکے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے، منصوبے پر کام کے دوران مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کو بھی یقینی بنایا جائے، منصوبہ مکمل ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت اور آسانی ملے گی، سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ تک سگنل فری کوریڈور مکمل ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔