پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج نمونیا سے آگاہی کا دن منایا جا رہا ہے

Published On 12 November,2023 02:16 pm

لاہور : (دنیانیوز) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج "نمونیا سے آگاہی اور بچاؤ کا دن" منایا جارہا ہے، ملک میں ہر سال 80 ہزار بچوں سمیت 5لاکھ افراد نمونیا کا شکارہوتے ہیں ۔

پاکستانی عوام کی اکثریت نمونیا کی بیماری سے واقف ہے، نمونیا دراصل پھیپھڑوں کے انفیکشن کو کہا جاتا ہے جو نظامِ تنفس کے ذریعے جسم کے اندر داخل ہوتا ہے،تیز بخار،کھانسی ،نزلہ، زکام ، سانس لینے میں دشواری ، تھکاوٹ اس بیماری کی بڑی نشانیاں ہیں ۔

پاکستان میں ہر سال 80 ہزار بچوں سمیت 5لاکھ افراد نمونیا کا شکار ہوتے ہیں، عام طور پر بچے اور عمر رسیدہ افراد نمونیا کے نشانے پر ہوتے ہیں، نمونیا کی بنیادی طور پر 3 اقسام ہیں جن میں بیکٹیریل ، وائرل اور مائیکو پلازما نمونیا شامل ہیں، نمونیا دیگر انفیکشنز کے باعث بھی ہو سکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق بخار تین روز سے زیادہ رہے اورکھانسی بھی ٹھیک نہ ہو تو یہ نمونیا کی علامات ہوسکتی ہیں وٹامن سی سے بھر پور غذائیں نمونیاسے بچاؤ میں معاون ہیں ۔

پاکستان میں بچوں کو نمونیا سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کی مہم بھی چلائی جاتی ہے۔