بلوچستان کابینہ کا ٹیچنگ ہسپتال گوادر میں تھیلیسیمیا یونٹ کی گرانٹ 10 ملین کرنے کا فیصلہ

Published On 21 November,2023 07:06 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کی نگران صوبائی کابینہ نے ٹیچنگ ہسپتال گوادر میں تھیلیسیمیا یونٹ کی گرانٹ 10 ملین کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چوتھا اجلاس ہوا، اجلاس نے ریونیو اتھارٹی کی اعزازی نشستوں پر سلیکشن کے لئے کوائف طلب کر لئے گئے، کابینہ اجلاس میں بلوچستان جانشینی سرٹیفکیٹ رولز 2022ء کی منظوری دیدی گئی، زکوٰۃ مستحقین کو امدادی رقوم کی ادائیگی موجودہ طریقہ کار سے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

اجلاس میں لسبیلہ یونیورسٹی میں رونما ہونے والے جھگڑے و تنازعات کے واقعہ پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی، نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اہم امور نمٹانے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے تندہی سے کام کررہی ہے، بھرپور کوشش ہے کہ صوبے کی گورننس میں بہتری لائی جائے۔

علی مردان ڈومکی نے کہا کہ سول سرکاری اداروں میں سروس ڈلیوری کے نظام کو فعال بنا کر کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے، تمام امور سہل انداز میں طے شدہ پالیسیوں اور ضوابط کے تحت چلائے جا رہے ہیں، اجلاس میں چیف سیکرٹری، نگران صوبائی وزراء و مشیران اور دیگر بھی شریک ہوئے۔