نیا کورونا ویرینٹ: بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کے ٹیسٹ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

Published On 04 January,2024 03:12 pm

اسلام آباد : (دنیانیوز/ ویب ڈیسک ) این سی ا و سی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے کورونا ٹیسٹ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے کیسز سامنے آنے کے بعد بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے دو فیصد مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے ، کوویڈ ٹیسٹنگ کا فیصلہ دنیا بھر میں پھیلے جے این ون ویرینٹ کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا کے نئے ویرینٹ جے این ون کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے کورونا وائرس کی نئی قسم جے این-ون سے متعلق ہیلتھ ایڈوائزری جاری کی تھی۔

قومی ادارہ صحت نے کہا تھا کہ حالیہ ہفتوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سارس کوویڈ 2 کی اس قسم کے پھیلاؤ کا جائزہ لے رہا ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا کہ وائرس کی نئی قسم دنیا میں تیزی سے پھیل رہی ہے ، نئی قسم پہلے کی طرح خطرناک نہیں لیکن کھانسی، نزلہ اور زکام کے مریض پھیلاؤ روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکسینیشن، اور ٹیسٹنگ کی ہدایت بھی جاری کردی ہے ۔