اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) ترجمان وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا کے ایک نئے ویریئنٹ جے این ون کے چار کیس رپورٹ ہوئے ہیں جو اومیکرون کا ذیلی وائرس ہے ۔
ایک بیان میں ترجمان وزارت صحت نے کورونا کے ایک نئے ویریئنٹ جے این ون کے چار کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام متاثرہ افراد میں نئے کورونا ویریئنٹ کی ہلکی علامات پائی گئی ہیں، چاروں مریض بغیر کسی پیچیدگی کے صحت یاب ہو چکے ہیں، ڈبلیو ایچ او نے جے این ون کو دلچسپ ویرئینٹ قرار دیا ہے ۔
ترجمان نے کہا ہے کہ صورت حال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایات پر بیماریوں کی نگرانی کیلئے بارڈر ہیلتھ سروسز، قومی و صوبائی ہیلتھ اتھارٹیز، لیبز مکمل فعال اور چوکس ہیں، انٹر نیشنل ایئرپورٹس، تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سکریننگ کا موثر نظام موجود ہے۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کا شعبہ انٹر نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد کر رہا ہے ، وفاق اور صوبے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 90 فی صد آبادی کو پہلے سے ویکسین لگ چکی ہے ، عوام سے اپیل ہے کہ سردیوں میں کوویڈ یا فلو جیسی بیماریوں کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے ماسک، فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔