لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے ہسپتال اربوں کے مقروض ہونے کی وجہ سے مفت ادویات کی عدم فراہمی سے غریب مریض پریشان ہیں۔
سروسز ہسپتال، میو ، گنگارام ، جنرل ہسپتال ، چلڈرن اور جناح ہسپتال کمپنیوں کے اربوں کے مقروض ہیں، میو ہسپتال نے اڑھائی ارب روپے کے واجبات ادا کرنے ہیں، سروسز ہسپتال، گنگا رام اور جناح ہسپتال نے ایک ایک ارب سے زائد واجبات دینے ہیں، چلڈرن ہسپتال ، جنرل اور پی آئی سی کے ذمے بھی کروڑوں کے واجبات ہیں، عدم ادائیگی کے باعث کمپنیاں ادویات اور سرجیکل سامان دینے سے گریزاں ہیں۔
ہسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مفت ادویات کا دارومدار بجٹ اور واجبات سے منسلک ہے۔
سی ای او میو ہسپتال پروفیسر احسن نعمان کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے ذمہ واجب الادا رقم کے حوالے سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھی آگاہ کیا تھا، بجٹ کی کمی کی وجہ سے مریضوں اور وینڈرز دونوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔