لاہور:(دنیا نیوز)منڈی بہاؤالدین میں جعلی ادویات کی فیکٹری پکڑی گئی، ایک ملزم گرفتارکرلیا گیا۔
صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کارروائیوں میں ڈرگ کنٹرول ٹیم نے منڈی بہاؤالدین میں جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر جعلی ادویات کا سٹاک پکڑ لیا۔
صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں جعلی پائیوڈین، جعلی ڈیٹول، جعلی بیٹنو ویٹ کریمیں تیار کی جارہی تھیں، ملزم مظہر کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا۔
خواجہ عمران کا کہنا تھا کہ فیکٹری کے دوگوداموں میں بھاری سٹاک قبضے میں لیکر تین مقامات سیل کر دیئے گئے، ڈرگ ونگ کی ٹیم نے سیمپلز لیکر ڈی ٹی ایل میں ٹیسٹنگ کے لئے بھیج دیئے۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جعلی ادویات کے خلاف کارروائیوں کیلئے ڈرگ ٹیم چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی کی قیادت میں بنائی گئی، ٹیم میں ڈپٹی ڈرگ کنٹرولرز بلال یاسین اور حسن حیدر شاہ اور ڈرگ انسپکٹرز لائق خان، امان اللہ اور ڈرگ کنٹرولر منڈی بہاوالدین محمد افضل ٹیم میں شامل تھے۔
خواجہ عمران کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں جعلی، غیر رجسٹرڈ اور غیر لائسنس یافتہ ادویات، پروڈکٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے، تمام ضلعوں میں ڈرگ کنٹرول ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔