کوئٹہ :(ویب ڈیسک ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے شیخ محمد بن زید النہیان ہسپتال میں بچے کے دل کا پہلا کامیاب آپریشن کیا گیا۔
کوئٹہ کے شیخ محمد بن زید النہیان ہسپتال کے شعبہ امراض قلب کے ڈاکٹروں نے پہلی ہارٹ سرجری نے صوبے کی میڈیکل کی تاریخ بدل دی ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمانڈنٹ شیخ محمد بن زید النہیان ہسپتال ڈاکٹر عمر افتخار کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہم نے مریض بچے کی ہارٹ سرجری کی جو ہمارے ادارے کی بہت بڑی کامیابی ہے، ہمارا ہسپتال آئندہ بھی امراض قلب میں مبتلا بچوں کو سرجری کی مکمل سہولیات فراہم کرے گا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم امراض قلب میں مبتلا بچوں کے والدین کو معلومات فراہم کررہے ہیں کہ اب آپ کو اپنے بچوں کی دل کی سرجری اور علاج کیلئے دور دراز کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
شیخ محمد بن زید النہیان ہسپتال میں زیر علاج بچے کے والدین کا کہنا تھا کہ ہمیں سرجری سے لے کر ادویات تک تمام تر سہولیات ہسپتال کی جانب سے مفت فراہم کی گئی ہیں جس پر ہم ہسپتال انتظامیہ کے بے حد مشکور ہیں ۔