وزیر صحت سندھ نے تھیلیسمیا اور ہیموفیلیا کی ذمہ دار ذاتی غلطیوں کو قرار دیدیا

Published On 28 May,2024 07:45 pm

کراچی :(دنیا نیوز) وزیرِ صحت سندھ عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ تھیلیسمیا اور ہیموفیلیا کے پھیلاؤ کی ذمے دار ہماری اپنی غلطیاں ہیں۔

سندھ اسمبلی میں سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے تحت تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیرِ صحت سندھ عذرا پیچوہو، اویس قادر شاہ و دیگر نے تقریب میں شرکت کی۔

عذرا پیچوہو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے تھیلیسمیا اور ہیموفیلیا کا پھیلاؤ ہماری غلطیاں ہیں، ہم وہ آگاہی معاشرے میں نہیں دے پائے کہ شادی سے قبل سکریننگ کروائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ تھیلیسمیا کا شکار بہت سے بچوں میں ایک ہفتے میں دو بار انتقالِ خون کرنا مجبوری ہوتی ہے، ایران میں بھی یہ صورتِ حال منفرد نہیں تھی مگر انہوں نے کنٹرول کیا، میری کوشش ہے کہ ان بچوں کے لیے بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔