کراچی اور سکھر میں مبینہ مقابلے، ڈاکو ہلاک، ایک گرفتار، فائرنگ سے شہری زخمی

Published On 26 May,2024 06:26 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور سکھر میں مبینہ مقابلوں کے دوران ڈاکو ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار جبکہ ڈاکوؤں کی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی گلشن نور میں موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں کی جانب سے لوٹنے کی کوشش پر شہری نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مبینہ ڈاکو موقع پر دم توڑ گیا، مرنے والے ملزم کی شناخت نہیں ہو سکی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی۔

ادھر کراچی کے علاقے سرجانی کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے شہری کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، متاثرہ شخص کی شناخت 20 سالہ آصف کے نام سے ہوئی، زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سکھر کے علاقے تھانہ روہڑی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم کی شناخت دلشاد میرانی کے نام سے ہوئی، پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے۔