لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے کار سوار خاتون کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا، اوکاڑہ اور قصور میں پولیس نے کارروائی کر کے 4 ملزموں کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں کار سوار خاتون کا تعاقب کرنے والے ڈاکوؤں نے گھر کے دہلیز پر پہنچتے ہی اسلحے کے زور پر روک لیا اور 6 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔
قصور کے علاقے تھانہ مصطفیٰ آباد کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران گولیاں لگنے سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ 2 ساتھی فرار ہو گئے، گرفتار ڈاکو کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی، پولیس نے تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا۔
دوسری جانب اوکاڑہ میں پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کر کے 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا، ملزموں کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لیں، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری رہے گا۔