جہلم: (دنیا نیوز) جہلم اور شجاع آباد میں 2 خواتین سمیت 3 افراد کو قتل کر دیا گیا جبکہ منچن آباد میں دو گروپوں میں فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے حسن آباد میں خاتون اور مرد کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں ملزم عبدالرحمان نے گھر بلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور لاشوں کو صحن میں دفن کر دیا، مقتولین کی شناخت افتخار شاہ اور نسرین اختر کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس نے دہرے قتل میں ملوث ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کیا تو ملزم نے دونوں کو قتل کر کے لاشیں صحن میں دفن کرنے کی نشاندہی کر دی، ملزم عبدالرحمان نے دس سال پہلے بھی ماں بیٹی سمیت 3 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔
دوسری جانب شجاع آباد میں گھریلو جھگڑے پر نشے کے عادی شوہر نے اپنی بیوی کو چھریوں کے وار کر کے جان سے مار ڈالا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا، مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ادھر منچن آباد کے نواحی علاقے رشید کوٹ میں زمین کے تنازع پر 2 گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، متاثرہ شخص کی شناخت توصیف کے نام سے ہوئی، پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی۔